میر رضا کیس میں والدین کو خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے: جبران ناصر
میر رضا کے والد نے کسی مخصوص شخص پر شک کا اظہار نہیں کیا، جس پر فون کرنے والے کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔جبران ناصر
فائل فوٹو
کراچی میں قتل ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا کے والد کے وکیل جبران ناصر نے الزام عائد کیا ہے کہ مقتول کے والدین پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاکہ معاملے میں مزید قانونی کارروائی آگے نہ بڑھ سکے۔
جبران ناصر کے مطابق گزشتہ شب میر رضا کے والد کو ایک فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں کہا گیا کہ ایس ایچ او عدیل افضال ان کا بچہ ہے اور اس سے ایف آئی آر لے لی گئی ہے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ فون کرنے والے شخص نے میر رضا کے والد سے یہ بھی کہا کہ عامر فاروقی سے بات ہوچکی ہے اور ان سے پوچھا گیا کہ آیا انہیں آصف، عابد، احمد یا عبداللہ میں سے کسی شخص پر شک ہے۔
جبران ناصر کے مطابق میر رضا کے والد نے کسی مخصوص شخص پر شک کا اظہار نہیں کیا، جس پر فون کرنے والے کی جانب سے برہمی کا اظہار کیا گیا۔
وکیل نے بتایا کہ مذکورہ فون کال کی ریکارڈنگ اور اس سے متعلق اسکرین شاٹس رجسٹرار کے پاس جمع کرا دیے گئے ہیں۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ڈاکٹر سمیہ کے بیان کے بعد سے میر رضا کے والدین پر دباؤ بڑھایا جا رہا ہے تاکہ کیس میں مزید کارروائی نہ ہوسکے۔
جبران ناصر نے مطالبہ کیا کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور میر رضا کے خاندان پر مبینہ دباؤ ڈالنے کے معاملے کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔