پاکستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں 183ویں نمبر پر آگیا
پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلٹی اسکور 42 ہے، جس کا مطلب ہے کہ پاکستانی شہری ویزا فری، ویزا آن ارائیول کے ذریعے 42 مقامات تک نسبتاً آسان رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: پاکستانی پاسپورٹ 2026 کی تازہ ترین پاسپورٹ رپورٹس کی عالمی درجہ بندی میں 183ویں نمبر پر آگیا ہے، جو گزشتہ 2 برس کے دوران ہونے والی معمولی بہتری کے بعد نمایاں تنزلی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلٹی اسکور 42 ہے، جس کا مطلب ہے کہ پاکستانی شہری ویزا فری، ویزا آن ارائیول اور الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن (eTA) کے ذریعے 42 مقامات تک نسبتاً آسان رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
گلف نیوز کے مطابق ان 42 مقامات کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستانی شہری 42 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔ صرف 9 مقامات پاکستانی پاسپورٹ پر ویزا فری داخلے کی اجازت دیتے ہیں، جبکہ 29 مقامات پر ویزا آن ارائیول اور 4 مقامات پر eTA کے ذریعے داخلہ ممکن ہے۔ دوسری جانب 156 مقامات ایسے ہیں جہاں سفر سے پہلے ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔
پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری مقامات میں بارباڈوس، ڈومینیکا، دی گیمبیا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو شامل ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ کی تازہ درجہ بندی گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بڑا دھچکا ہے۔ پاکستان 2023 میں 180ویں، 2024 میں 175ویں اور 2025 میں 174ویں نمبر پر تھا، تاہم 2026 میں 9 درجے تنزلی کے بعد 183ویں نمبر پر آگیا۔ اس سے نیچے صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹ موجود ہیں۔
موبیلٹی اسکور بھی گزشتہ برسوں میں اتار چڑھاؤ کا شکار رہا۔ یہ 2020 میں 36 تھا جو 2023 میں بڑھ کر 47 ہوگیا اور 2024 میں بھی 47 برقرار رہا، تاہم 2025 میں کم ہو کر 44 اور 2026 میں 42 رہ گیا۔
طویل مدتی جائزے کے مطابق پاکستان کی 2026 کی پوزیشن 2020 کے مقابلے میں 14 درجے کم ہے، اگرچہ موجودہ موبیلٹی اسکور 2020 کے مقابلے میں 6 پوائنٹس زیادہ ہے۔
پاسپورٹ رپورٹس کے مطابق موبیلٹی اسکور ان مقامات کی تعداد ظاہر کرتا ہے جہاں مسافر روایتی ویزا پہلے سے حاصل کیے بغیر داخل ہوسکتے ہیں۔ تاہم ویزا فری سفر پاسپورٹ کی نقل و حرکت کی سب سے مضبوط شکل تصور کیا جاتا ہے، جبکہ ویزا آن ارائیول میں مسافر کو روانگی سے پہلے ویزا لینے کی ضرورت نہیں ہوتی لیکن منزل پر پہنچنے کے بعد امیگریشن کے تقاضے پورے کرنا ہوتے ہیں۔