نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف سے انڈونیشین نیوی چیف کی ملاقات؛ باہمی بحری تعاون بڑھانے پر اتفاق
نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
فوٹو آئی ایس پی آر
اسلام آباد : انڈونیشیا کی بحریہ کے چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انڈونیشین نیول چیف نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں بحری سربراہان نے تربیت، باہمی دوروں اور مشترکہ بحری مشقوں کے ذریعے تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انڈونیشین نیول چیف نے علاقائی بحری سیکیورٹی اور امن کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے کراچی کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کے مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا معائنہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کے مطابق انڈونیشین نیول چیف کے اس اہم دورے سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دفاعی اور بحری شعبوں میں تعاون کو مزید استحکام ملے گا۔