اسلام آباد:پمز ایم سی ایچ سے نومولود چوری کی کوشش ناکام، 2 خواتین اور لڑکی گرفتار

خارجی گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ کی نومولود پر نظر پڑنے کے بعد صورتحال مشکوک محسوس ہوئی اور تینوں کو روک لیا۔

September 15, 2026 · قومی
نومولود کو لے جانے والی خواتین

نومولود کو لے جانے والی خواتین

وفاقی دارالحکومت کے مرکزی سرکاری ہسپتال پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے مادر اینڈ چائلڈ ہسپتال (ایم سی ایچ) سے نومولود بچے کو مبینہ طور پر چوری کرکے لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

پمز سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ2 خواتین اور ان کے ہمراہ موجود ایک نوعمر لڑکی نومولود کو ایم سی ایچ جنرل وارڈ کے بیڈ نمبر 8 سے مبینہ طور پر اٹھا کر ہسپتال سے باہر لے جانے کی کوشش کر رہی تھیں۔

ذرائع کا کہنا تھا تینوں نے ہسپتال کے 3سیکیورٹی اسٹیشنز عبور کیے اور نومولود کو لے کر خارجی گیٹ تک پہنچ گئیں۔

دوسری جانب حکام نے کہا کہ  دونوں خواتین کے ساتھ موجود نوعمر لڑکی نے نومولود کو اٹھا رکھا تھا،خارجی گیٹ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ کی نومولود پر نظر پڑنے کے بعد صورتحال مشکوک محسوس ہوئی۔

مزید برآں سکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو روک لیا اور نومولود کو بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔