ملائیشیا کا اسرائیلی فوج کیلئے امدادی کھیپ روکنے کا اعلان

مشتبہ سامان کی ملائیشین قوانین کے تحت جانچ اور تحقیقات کی جائیں گی۔

September 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا ہے کہ ان کا ملک ایسی کسی بھی کھیپ کو اپنی سرزمین سے گزرنے کی اجازت نہیں دے گا جو اسرائیلی فوجی صلاحیتوں میں اضافے یا فلسطینیوں سمیت دیگر شہریوں کے خلاف کارروائیوں میں معاون ثابت ہو سکتی ہو۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں انور ابراہیم نے کہا کہ ملائیشیا کو ایسی کھیپ کی ترسیل کے لیے راستے کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق مشتبہ سامان کی ملائیشین قوانین کے تحت جانچ اور تحقیقات کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر کسی کھیپ کے ذریعے ملکی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف قانون کے مطابق فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی۔

انور ابراہیم کا یہ بیان بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ملائیشین حکام نے ملک کی ایک بڑی بندرگاہ سے اسرائیل جانے والی بعض شپمنٹس کی ترسیل روک دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق حکام نے گزشتہ ماہ 19 اگست کو تین کنٹینرز بھی روکے تھے۔ ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم نہیں ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ تجارتی تعلقات بھی موجود نہیں ہیں۔