امریکا کی سعودی عرب جانے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
خطے میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں سے امریکی مفادات کو ممکنہ خطرات، مسلح تنازعات اور دہشت گردی سمیت دیگر سکیورٹی خدشات موجود ہیں
امریکا کی سعودی عرب جانے والے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
ریاض: سعودی عرب میں امریکی سفارتخانے نے امریکی شہریوں کو سعودی عرب کے سفر کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری سفری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ خطے میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں سے امریکی مفادات کو ممکنہ خطرات، مسلح تنازعات اور دہشت گردی سمیت دیگر سکیورٹی خدشات موجود ہیں، اس لیے سعودی عرب کا سفر کرنے والے امریکی شہری اپنے سفری منصوبوں پر دوبارہ غور کریں۔
سفارتخانے نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ سعودی عرب کے بعض علاقوں میں خطرات کی سطح زیادہ ہے۔ امریکی شہریوں کو خاص طور پر یمن کی سرحد سے ملحق علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جہاں دہشت گردی کے خطرات موجود ہونے کا بتایا گیا ہے۔
سفری ہدایات میں سعودی قوانین کی پابندی پر بھی زور دیا گیا ہے، جن میں ملک سے باہر جانے سے متعلق پابندیاں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں سے متعلق قوانین شامل ہیں۔
Travel advisory – Saudi Arabia – Level 3: Reconsider travel.
Reconsider travel to Saudi Arabia due to risk of Iranian drone and missile targeting of American interests, armed conflict, terrorism, exit bans, and local laws regarding social media activity. Some areas have… pic.twitter.com/3UVFc2LfNM
— U.S. Embassy Riyadh (@USAinKSA) September 16, 2026
دوسری جانب یمن میں حوثی گروپ اور سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومتی فورسز کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں سکیورٹی صورتحال بھی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے مختلف علاقوں پر حملوں کے دعوے سامنے آتے رہے ہیں۔ حالیہ طور پر سعودی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بھی دعویٰ کیا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی سمت بھیجا گیا ایک ڈرون شہر کی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔