امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ٹرمپ کے ایران جنگی اختیارات محدود کرنے کی قرارداد منظور کرلی

قرارداد کے حق میں 220 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ 204 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ ووٹنگ میں 7 ریپبلکن ارکان نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔

September 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: ایران کے ساتھ جاری فوجی تنازع کے معاملے پر امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جنگی اختیارات محدود کرنے سے متعلق قرارداد منظور کرلی۔

امریکی ایوان نمائندگان میں قرارداد کے حق میں 220 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ 204 ارکان نے اس کی مخالفت کی۔ ووٹنگ میں 7 ریپبلکن ارکان نے بھی قرارداد کی حمایت کی۔

قرارداد میں صدر ٹرمپ سے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں سے امریکی افواج کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاہم امریکی فوجی اہلکاروں کو مشرق وسطیٰ میں امریکی یا اتحادی تنصیبات کے دفاع کے لیے کارروائی کی گنجائش دی گئی ہے۔

یہ ایوان نمائندگان کی جانب سے ایران کے معاملے پر جنگی اختیارات محدود کرنے کی تیسری کوشش ہے۔ اس سے قبل جون اور جولائی میں بھی ایسی قراردادیں منظور ہوچکی ہیں

حالیہ ووٹنگ میں ریپبلکن ارکان تھامس میسی، ٹام بیریٹ، وارن ڈیوڈسن، برائن فٹزپیٹرک، نینسی میس، ماریانیٹ ملر میکس اور زیک نَن نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔