ایک ہی فون نمبر دو آئی فونز میں چلانے کی سہولت جلد متعارف
ایپل نے اس فیچر کو آئی فون ہینڈ آف کا نام دیا ہے، جس کے ذریعے صارف اپنے موبائل نمبر کو دو آئی فونز سے منسلک کرسکے گا۔
ایک ہی فون نمبر دو آئی فونز میں چلانے کی سہولت جلد متعارف
کیلیفورنیا: ایپل صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے ایک ہی موبائل نمبر کو بیک وقت دو آئی فونز میں استعمال کیا جاسکے گا۔
رپورٹس کے مطابق یہ سہولت آئی او ایس 27 میں شامل کی جائے گی۔ ایپل نے اس فیچر کو آئی فون ہینڈ آف کا نام دیا ہے، جس کے ذریعے صارف اپنے موبائل نمبر کو دو آئی فونز سے منسلک کرسکے گا۔
اس فیچر کو جون 2026 میں ایپل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے دوران مختصر طور پر پیش کیا گیا تھا، تاہم اس وقت اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئی تھیں۔
نئے فیچر کے سیٹ اپ کے لیے صارف کو آئی فون کی سیٹنگز میں موجود سیلولر مینیو میں جانا ہوگا۔ یہاں ایک ڈیوائس کو مرکزی فون جبکہ دوسرے آئی فون کو کمپینین ڈیوائس کے طور پر منتخب کیا جائے گا۔
ایپل کے مطابق مرکزی ای سم مرکزی آئی فون میں موجود رہے گی، جبکہ دوسرے آئی فون کو کمپینین ای سم فراہم کی جائے گی۔ اس طرح صارف ایک ہی فون نمبر دونوں ڈیوائسز پر استعمال کرسکے گا۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں آئی فونز میں آئی او ایس 27 انسٹال ہونا ضروری ہوگا، جبکہ متعلقہ موبائل نیٹ ورک آپریٹر کی جانب سے بھی اس فیچر کی حمایت درکار ہوگی۔
ابتدائی طور پر امریکا اور نیدرلینڈز کی دو موبائل کمپنیوں کی جانب سے اس فیچر کو سپورٹ فراہم کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ دیگر ممالک میں اس کی دستیابی کا انحصار متعلقہ نیٹ ورک آپریٹرز کی سپورٹ پر ہوگا۔