ایسا انوکھا اے سی تیار،ٹھنڈی ہوا آپ کے پیچھے پیچھے چلے گی

نئے سسٹم میں وائس کمانڈ کی سہولت بھی موجود ہے، جس کی مدد سے صارف اپنی جگہ سے اٹھے بغیر آواز کے ذریعے اے سی کو کنٹرول کرسکتا ہے۔

September 16, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

دنیا بھر میں بڑھتے درجہ حرارت کے باعث ایئر کنڈیشنرز کا استعمال مسلسل بڑھ رہا ہے، تاہم ایک چینی کمپنی نے ایسا اسمارٹ اے سی متعارف کرایا ہے جو کمرے میں موجود شخص کی پوزیشن کو ٹریک کرکے ٹھنڈی ہوا کا رخ اسی کی جانب کردیتا ہے۔

جرمنی میں ہونے والی آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران چینی کمپنی میڈی ا (Midea) نے اپنے اس جدید ایئر کنڈیشنر کو پیش کیا۔

کمپنی کے مطابق یہ اے سی اسپیشل امیجنگ ٹیکنالوجی اور مختلف سینسرز کی مدد سے کمرے میں موجود فرد کی پوزیشن کا اندازہ لگاتا ہے، جس کے بعد ٹھنڈی ہوا کا بہاؤ اس کی سمت منتقل ہوجاتا ہے۔

اس ٹیکنالوجی کا مقصد صارف کو زیادہ مؤثر انداز میں ٹھنڈک فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ توانائی کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنا ہے۔

یہ اسمارٹ اے سی دیگر گھریلو ڈیوائسز، جن میں ہیومیڈیفائر بھی شامل ہے، کے ساتھ منسلک ہو کر کام کرسکتا ہے۔ اس کے ذریعے کمرے کے درجہ حرارت کے ساتھ ہوا میں نمی کی سطح کو بھی بہتر انداز میں برقرار رکھنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

نئے سسٹم میں وائس کمانڈ کی سہولت بھی موجود ہے، جس کی مدد سے صارف اپنی جگہ سے اٹھے بغیر آواز کے ذریعے اے سی کو کنٹرول کرسکتا ہے۔

تاہم کمپنی نے ابھی یہ واضح نہیں کیا کہ یہ جدید ایئر کنڈیشنر عام صارفین کے لیے کب تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔