خیبر پختونخوا صحت پروگرام میں سی سیکشن کی شرح 47 فیصد سے بڑھ گئی

صحت پروگرام میں سی سیکشن کے لیے 26 ہزار 575 روپے جبکہ نارمل ڈیلیوری کے لیے 15 ہزار 129 روپے کا پیکیج مقرر ہے،

September 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

خیبر پختونخوا کے صحت پروگرام سے متعلق ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ پروگرام کے تحت ہونے والے آپریشن کے ذریعے بچوں کی پیدائش، یعنی سی سیکشن، کی شرح 47 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق صحت پروگرام کے تحت ہونے والے سی سیکشنز میں سے 83.4 فیصد نجی ہسپتالوں میں کیے گئے۔ رپورٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا ہے کہ بعض صورتوں میں طبی ضرورت کے بجائے مالی عوامل سی سیکشن کے زیادہ استعمال کا سبب بن سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صحت پروگرام میں سی سیکشن کے لیے 26 ہزار 575 روپے جبکہ نارمل ڈیلیوری کے لیے 15 ہزار 129 روپے کا پیکیج مقرر ہے، جس کے باعث دونوں طریقۂ پیدائش کے معاوضے میں نمایاں فرق موجود ہے۔

رپورٹ میں سی سیکشن کی شرح میں اضافے کی وجوہات میں مالی مفادات کے ساتھ نگرانی کے نظام کی کمزوری کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی شرح نے صحت پروگرام کے تحت ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کے طریقۂ کار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

ماہرین صحت کے مطابق طبی ضرورت کے بغیر سی سیکشن سے ماں اور بچے کی صحت کو بعض خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، جبکہ بار بار سی سیکشن کی صورت میں خواتین میں پیچیدگیوں کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سی سیکشن کی بڑھتی ہوئی شرح خیبر پختونخوا کے صحت پروگرام کے طریقۂ کار، ہسپتالوں کی نگرانی اور پالیسی پر نظرثانی کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔