حوثیوں کا سعودی ایف 15 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

یمن کے صوبہ مأرب میں جبل حیلان کے قریب مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

September 16, 2026 · بام دنیا
حوثیوں کا سعودی ایف 15 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

حوثیوں کا سعودی ایف 15 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

 حوثی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے یمن کی فضائی حدود میں سعودی عرب کا ایف 15 لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے، تاہم سعودی حکام کی جانب سے تاحال اس دعوے کی تصدیق نہیں کی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی فورسز کے ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ سعودی ایف 15 طیارے کو یمن کے صوبہ مأرب میں جبل حیلان کے قریب مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

حوثی ترجمان کے مطابق طیارہ مأرب کی فضائی حدود میں فوجی کارروائیوں کی حمایت کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمنی فورسز نے سعودی طیارے کو نشانہ بنایا۔

دوسری جانب سعودی حکام یا سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، اس لیے طیارہ مار گرائے جانے کے دعوے کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

ادھر مکہ مکرمہ کے حوالے سے سعودی اتحاد کے ڈرون سے متعلق دعوے کو بھی حوثی عہدیدار نے مسترد کردیا ہے۔

رائٹرز کے مطابق حوثی عہدیدار حازم الاسد نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کیے جانے والے الزامات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ مکہ مکرمہ کے قریب مبینہ ڈرون واقعے سے متعلق سعودی اور حوثی مؤقف ایک دوسرے سے مختلف ہیں، جبکہ واقعے کے بعض پہلوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔