بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کیس کی سماعت 3 ہفتوں کیلئے ملتوی

مقدمات کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کے حکم کے قانونی نتائج واضح کیے جائیں تاکہ اعلیٰ عدالتوں کے درمیان کسی قسم کا تضاد پیدا نہ ہو۔

September 16, 2026 · قومی
بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کیس کی سماعت 3 ہفتوں کیلئے ملتوی

بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کیس کی سماعت 3 ہفتوں کیلئے ملتوی

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ نے تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔

سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ آئینی عدالت کی جانب سے متعلقہ مقدمات کا ریکارڈ طلب کرکے انہیں سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے اس معاملے پر معاونت طلب کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کے حکم کے قانونی نتائج واضح کیے جائیں تاکہ اعلیٰ عدالتوں کے درمیان کسی قسم کا تضاد پیدا نہ ہو۔

جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ فریقین کے درمیان اعتماد اور رابطے کا فقدان نظر آتا ہے اور کہیں نہ کہیں غلط فہمی موجود ہے۔ اس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ معاملے کو دیکھ لیں گے۔

جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ فی الحال اس نکتے کو ایک طرف رکھا جائے کہ علاج سرکاری ہسپتال میں ہوگا یا نجی ہسپتال میں، اصل سوال یہ ہے کہ سپریم کورٹ کے سابقہ حکم کے دیگر حصوں پر عمل درآمد ہوا یا نہیں۔

عدالت نے ملاقاتوں اور بچوں سے بات چیت کے حوالے سے بھی استفسار کیا اور ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ زیر التوا مقدمات میں آئندہ کارروائی کے طریقہ کار پر اٹارنی جنرل عدالت کی معاونت کریں۔ اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کا حکم اپنی جگہ موجود ہے۔

عدالت نے مزید کارروائی تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔