میر رضا کیس میں نیا موڑ،ڈاکٹر اسامہ کا مردہ جانور پر فائرنگ کا ڈیمو
مردہ بکرے کو شرٹ میں لپیٹ کر مختلف فاصلوں سے فائرنگ کی اور گولی کے جسم میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے مقامات کا عملی مشاہدہ کیا
میر رضا کیس میں نیا موڑ،ڈاکٹر اسامہ کا مردہ جانور پر فائرنگ کا ڈیمو
کراچی: میر رضا کیس میں نیا موڑ سامنے آیا ہے، جہاں ابتدائی پوسٹ مارٹم کرنے والے میڈیکولیگل آفیسر ڈاکٹر اسامہ نے گولی لگنے اور زخم کی نوعیت سے متعلق اپنے مؤقف کی وضاحت کے لیے عملی ڈیمو پیش کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر اسامہ نے مردہ بکرے کو شرٹ میں لپیٹ کر مختلف فاصلوں سے فائرنگ کی اور گولی کے جسم میں داخل ہونے اور باہر نکلنے کے مقامات کا عملی مشاہدہ کیا۔
ڈیمو میں 30 بور کا اسلحہ استعمال کیا گیا۔ ڈاکٹر اسامہ نے فائرنگ کے بعد شرٹ اور جسم کے اندرونی حصوں کا بھی جائزہ لیا تاکہ گولی کے اثرات اور زخم کی نوعیت کو واضح کیا جاسکے۔
رپورٹ کے مطابق ڈیمو کے دوران بکرے کے جسم پر گولی لگنے کے مقام اور گولی کے باہر نکلنے کے مقام کو دکھایا گیا۔ ڈاکٹر اسامہ نے مختلف فاصلوں سے فائرنگ کرکے گولی کے ممکنہ اثرات کی وضاحت کرنے کی کوشش کی۔
میر رضا کیس میں ڈاکٹر اسامہ ابتدائی میڈیکولیگل آفیسر تھے اور انہوں نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں نوجوان تاجر کی موت کو خودکشی قرار دیا تھا۔
دوسری جانب میر رضا کیس کی تحقیقات کے دوران ڈاکٹر اسامہ کے مؤقف اور ابتدائی طبی رپورٹ بھی زیر بحث رہی ہے۔ کیس سے متعلق حتمی صورتحال کا تعین تحقیقات اور متعلقہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہوگا۔