ایرانی طیارے میں پرواز کے فوراً بعد خرابی،مسافروں کی چیخیں گونج اٹھیں

شدید کمپن کے باعث کیبن کی چھت کے کچھ پینل نیچے گرنے جبکہ اوور ہیڈ کمپارٹمنٹس میں رکھا سامان بھی گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

September 16, 2026 · بام دنیا
ایرانی طیارے میں پرواز کے فوراً بعد خرابی،مسافروں کی چیخیں گونج اٹھیں

ایرانی طیارے میں پرواز کے فوراً بعد خرابی،مسافروں کی چیخیں گونج اٹھیں

مشہد: ایران میں سپہران ایئرلائنز کے بوئنگ 737 طیارے کو پرواز کے فوراً بعد تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی صورتحال کا اعلان کرتے ہوئے طیارے کو واپس مشہد ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔

رپورٹس کے مطابق مشہد سے کرمانشاہ جانے والی پرواز نے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ طیارے کے لینڈنگ گیئر کا ایک ٹائر الگ ہوگیا۔ اس کے بعد طیارے میں شدید کمپن محسوس کی گئی اور انجن سے متعلق مسئلہ بھی سامنے آیا۔

صورتحال کو دیکھتے ہوئے پائلٹ نے پرواز کا رخ دوبارہ مشہد ایئرپورٹ کی جانب موڑ دیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں طیارے کے اندر مسافروں کو خوفزدہ ہوکر چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

شدید کمپن کے باعث کیبن کی چھت کے کچھ پینل نیچے گرنے جبکہ اوور ہیڈ کمپارٹمنٹس میں رکھا سامان بھی گرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

طیارہ بحفاظت مشہد ایئرپورٹ پر اتر گیا اور واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ بعد ازاں مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے کرمانشاہ روانہ کیا گیا۔

واقعے کے بعد ایئرپورٹ کے رن وے کو عارضی طور پر بند کرکے حفاظتی معائنہ کیا گیا۔ ایرانی شہری ہوا بازی کے حکام کی جانب سے طیارے میں پیش آنے والی تکنیکی خرابی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حالیہ ہفتوں کے دوران سپہران ایئرلائنز کے طیارے سے پیش آنے والا یہ دوسرا واقعہ ہے، تاہم ان واقعات میں بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔