پیٹرولیم لیوی ختم نہ ہوئی تو حکومت سے مذاکرات ختم کردیں گے،حافظ نعیم

 حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور آج شام 6 بجے ہوگا

September 16, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اگر حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم نہیں کرتی تو حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کردیئے جائیں گے۔

حافظ نعیم الرحمن کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور آج شام 6 بجے ہوگا، جبکہ آج کراچی اور کل لاہور میں بڑے جلسے بھی منعقد کیے جائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا خاتمہ ہے اور حکومت کو اس معاملے پر فیصلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرنے پر آمادہ نہیں ہوتی تو مذاکرات کو مزید آگے بڑھانے کا کوئی جواز نہیں رہے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اپنے مطالبے پر قائم ہے اور مذاکرات کے آئندہ مرحلے میں بھی اسی معاملے کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔