ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل، ایم ڈی کیٹ 20 ستمبر کو ہوگا

ملک بھر سے تقریباً 80 ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں، جنہیں سیکیورٹی انتظامات کے تحت دو ماہ تک الگ ماحول میں رکھا گیا۔

September 16, 2026 · قومی
ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل، ایم ڈی کیٹ 20 ستمبر کو ہوگا

ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد طلبہ کا مستقبل، ایم ڈی کیٹ 20 ستمبر کو ہوگا

اسلام آباد: ملک بھر میں ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد طلبہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) میں شرکت کریں گے، جس کے لیے امتحانی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ایم ڈی کیٹ 20 ستمبر کو منعقد ہوگا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پی ایم ڈی سی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس مرتبہ امتحان کے لیے تقریباً 8 ہزار سوالات پر مشتمل سوالات کا بینک تیار کیا گیا ہے۔ سوالنامہ تیار کرنے کے لیے ملک بھر سے تقریباً 80 ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں، جنہیں سیکیورٹی انتظامات کے تحت دو ماہ تک الگ ماحول میں رکھا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس بار ہر صوبے کے لیے الگ سوالنامہ تیار کیا گیا ہے۔ ہر صوبے کو 180 سوالات پر مشتمل دو الگ پرچے فراہم کیے گئے ہیں تاکہ متعلقہ صوبہ مقررہ طریقہ کار کے تحت امتحانی پرچہ منتخب کرسکے۔

وفاقی وزیر کے مطابق ماضی میں پورے ملک کے لیے ایک ہی پرچہ تیار کیا جاتا تھا، تاہم کسی ایک مقام سے سوالنامہ لیک ہونے کی صورت میں پورے ملک کا امتحان متاثر ہونے کا خدشہ رہتا تھا۔ نئے انتظام کے ذریعے اس خطرے کو کم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ آزاد کشمیر کے طلبہ کے لیے خصوصی پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے۔ انٹرنیٹ سے متعلق مسائل کے پیش نظر وہاں امتحانی پرچوں کی ہارڈ کاپیاں بھی فراہم کی گئی ہیں، جبکہ آزاد کشمیر کے علاوہ اسلام آباد میں بھی ان طلبہ کے لیے خصوصی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق پی ایم ڈی سی اور وزارت صحت کی ذمہ داری طلبہ کی رجسٹریشن اور سوالناموں کی تیاری تک محدود ہے، جبکہ امتحان کا انعقاد صوبائی حکومتوں اور متعلقہ میڈیکل یونیورسٹیوں کی ذمہ داری ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت صحت اور پی ایم ڈی سی امتحان کے حوالے سے نگرانی اور مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھیں گے اور کسی بھی ممکنہ احتجاج یا مسئلے کی صورت میں صوبائی حکام اور یونیورسٹیوں کی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں گے۔