محسن نقوی سے چینی نائب وزیر پبلک سکیورٹی کی ملاقات
سکیورٹی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
محسن نقوی سے چینی نائب وزیر پبلک سکیورٹی کی ملاقات
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے چین کے نائب وزیر پبلک سکیورٹی گاو چی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان سکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور منشیات کے خلاف مشترکہ اقدامات سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے پولیس ٹریننگ کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے اور تربیتی پروگرامز کے تبادلے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر جدید ٹیکنالوجی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے جدید آلات کے استعمال سے متعلق تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔ چین کی جانب سے پاکستان میں جدید طرز کے لا انفورسمنٹ سنٹر کے قیام میں تعاون پر آمادگی ظاہر کی گئی۔
چینی نائب وزیر پبلک سکیورٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے سکیورٹی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سکیورٹی اور قانون نافذ کرنے کے شعبے میں تعاون وقت کے ساتھ مزید اہم ہوتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان داخلی سلامتی سے متعلق مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چین کے تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان میں قائم کیا جانے والا لا انفورسمنٹ سنٹر پاک چین دوستی اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کی ایک اور علامت ہوگا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چین کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی اور جدید آلات پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان داخلی سلامتی، انسداد دہشت گردی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے چین کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات، پولیس تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔