ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا
صورتحال سے آگاہ ہونے کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر پرواز کا رخ تبدیل کیا اور طیارے کو ملتان ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔
ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا
ریاض سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں ایک مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انتقال ہوگیا، جس کے باعث طیارے کو ملتان ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ترجمان کے مطابق ریاض سے اسلام آباد جانے والی پرواز میں سفر کے دوران ایک مسافر کو اچانک دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔
مسافر کو پاکستانی فضائی حدود میں کوئٹہ کے قریب طبی ایمرجنسی پیش آئی۔ صورتحال سے آگاہ ہونے کے بعد پائلٹ نے فوری طور پر پرواز کا رخ تبدیل کیا اور طیارے کو ملتان ایئرپورٹ پر میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔
ترجمان کے مطابق طیارے کے ملتان ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد وہاں موجود طبی عملے نے فوری طور پر مسافر کا معائنہ کیا۔
ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد بتایا کہ 47 سالہ مسافر محمد صادق خان دوران پرواز ہی انتقال کرچکے تھے۔ طبی عملے کے مطابق مسافر کی موت دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد مسافر کی میت لواحقین کے حوالے کردی گئی۔
میڈیکل ایمرجنسی کے باعث پرواز کو تقریباً ڈھائی گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد طیارے نے اپنی منزل اسلام آباد کے لیے دوبارہ پرواز کی۔