حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 پرائیویٹ عازمین کی بکنگ مکمل
25 منظمین کے اکاؤنٹس میں حج واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 10 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں
حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 پرائیویٹ عازمین کی بکنگ مکمل
اسلام آباد: حج پورٹل کے ذریعے پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت اب تک 11 ہزار 600 عازمین کی بکنگ مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ اسکیم کے تحت مزید 60 ہزار نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج پورٹل پر رجسٹرڈ حج آرگنائزرز کی جانب سے عازمین کے لیے مختلف نوعیت کے حج پیکیجز فراہم کیے گئے ہیں، جن میں اکانومی، اسٹینڈرڈ اور پریمیم پیکیجز شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے 25 منظمین کے اکاؤنٹس میں حج واجبات کی مد میں مجموعی طور پر 10 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں۔ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی جانب سے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 4 ارب روپے سے زائد کی رقم آن لائن جمع کرائی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ادائیگیوں کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حج واجبات جمع کرانے کے لیے صرف سرکاری ’’پاک حج ایپ‘‘ یا ’’حج پورٹل‘‘ کا استعمال کیا جائے۔
وزارت نے واضح کیا کہ عازمین کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کے اکاؤنٹ میں براہ راست حج کی رقم جمع نہ کرائیں، تاکہ ممکنہ فراڈ اور مالی نقصان سے بچا جاسکے۔
ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ کا عمل نشستوں کی دستیابی سے مشروط ہے اور 20 نومبر تک جاری رہے گا۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ حج پیکیج اور ادائیگی سے متعلق معلومات حاصل کرتے وقت متعلقہ سرکاری ذرائع اور مجاز حج آرگنائزرز سے ہی رجوع کریں۔