امریکی دفاعی کمپنی پاورس کے وفد کی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات
دفاعی ٹیکنالوجی، خریداری، پیداوار اور استعداد کار بڑھانے پر تبادلہ خیال
فائل فوٹو
راولپنڈی: امریکی کمپنی پاورس کے وفد نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفد کی قیادت امریکی کمپنی پاورَس کے سربراہ رابرٹ بریٹ ویلیکووچ نے کی۔ پاورَس دفاع اور اہم بنیادی ڈھانچے کے حل میں مہارت رکھنے والی امریکی کمپنی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی ٹیکنالوجی میں بدلتے رجحانات اور دفاعی سازوسامان کی خریداری، پیداوار اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے قومی سلامتی اور مضبوطی کے فروغ میں تکنیکی جدت اور جدید حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں روابط کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔