مانسہرہ: پسند کی شادی کا خونیں انجام؛ 22 سالہ نوجوان دن دیہاڑے قتل

ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مقدمہ درج

September 16, 2026 · قومی
مانسہرہ: مقتول محسن شاہ کی فائل فوٹو

مانسہرہ: مقتول محسن شاہ کی فائل فوٹو

مانسہرہ: مانسہرہ میں دن دہاڑے قتل کی لرزہ خیز واردات، 22 سالہ نوجوان کو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا

تفصیلات کے مطابق مقتول کی شناخت محسن شاہ ولد سجاول شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ محسن شاہ لمبی ڈھیری سے لبڑکوٹ کی جانب جا رہا تھا کہ مارکوپولو ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ لاری اڈہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے کنگ عبداللہ ہسپتال مانسہرہ منتقل کردیا۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتول کے والد کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

مقتول نے کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی، پولیس مختلف پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔