کراچی: ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید

ایئرپورٹ کالونی گیٹ کے قریب مقابلہ ہوا، 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

September 16, 2026 · قومی

فائل فوٹو

کراچی : ایئرپورٹ کالونی گیٹ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے ایک بعد ازاں دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق ایئرپورٹ کالونی گیٹ کے قریب پولیس کی شاہین فورس کے دو جوان ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران شدید زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایک اہلکار کی شناخت عامر کے نام سے ہوئی۔

واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان رکشہ اور موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ پولیس نے ایک رکشہ اور 125 موٹرسائیکل پر سوار مشتبہ افراد کو روکنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے بعد رکشہ اور موٹرسائیکل پر سوار ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ملیر بھی نجی اسپتال پہنچ گئے، جبکہ اسپتال میں ایک زخمی پولیس اہلکار دم توڑ گیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے ایس ایس پی ملیر سے واقعے کی تفصیلات طلب کرلیں اور ہدایت کی کہ زخمی اہلکار کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کو نشانہ بنانے میں ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور تفتیش کے جملہ پہلوؤں میں جدید تکنیکس کو بروئے کار لایا جائے۔

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ایئرپورٹ اور اس کے اطراف میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے ایس ایس پی ملیر کو شہید اہلکار کے گھر جانے اور اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کی ہدایت بھی کی۔

ضیا الحسن لنجار نے ہدایت کی کہ واقعے کی تفتیش و تحقیق کے تمام اقدامات سے انہیں آگاہ رکھا جائے۔