لاہور ایئرپورٹ پر سیکیورٹی ناکامی،بغیر ٹکٹ مسافر ڈیپارچر لاؤنج تک پہنچ گیا
مشتبہ شخص نے متعدد سیکیورٹی مراحل عبور کیے، مقدمہ درج، انکوائری شروع
فائل فوٹو
لاہور: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کی بڑی ناکامی سامنے آئی ہے، جہاں بغیر ٹکٹ مسافر ایئرپورٹ کے مختلف سیکیورٹی مراحل عبور کرتے ہوئے ڈپارچر بریفنگ ایریا تک پہنچ گیا۔
مشتبہ شخص بغیر ٹکٹ، پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کے ڈپارچر لاؤنج تک پہنچا اور کافی دیر تک لاؤنج کے اندر گھومتا پھرتا رہا، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں کو اس کے بغیر ٹکٹ اندر موجود ہونے کا بروقت علم نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق مشتبہ شخص جب واپس باہر نکلنے لگا تو اے ایس ایف اہلکاروں کو شک ہوا۔ چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ اس کے پاس سفر کے لیے کوئی ٹکٹ موجود نہیں تھا۔
بغیر ٹکٹ مسافر کا متعدد سیکیورٹی چیکنگ پوائنٹس عبور کرکے انٹرنیشنل ڈپارچر ایریا تک پہنچ جانا اے ایس ایف کے سیکیورٹی انتظامات پر سنگین سوالیہ نشان بن گیا۔
اے ایس ایف نے مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا، جس کے بعد پولیس نے قانونی کارروائی شروع کردی۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص سے شناختی کارڈ بھی برآمد ہوا، جس کی شناخت 35 سالہ احمد علی ولد محمد شہباز کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق احمد علی تحصیل پسرور، ضلع سیالکوٹ کا رہائشی ہے۔
مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے الزام میں احمد علی کے خلاف تھانہ سرور روڈ میں پولیس کی مدعیت میں دفعہ 420 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں سمیت دیگر متعلقہ اہلکاروں کی انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے۔ انکوائری رپورٹ میں جس اہلکار یا ذمہ دار کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوگی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔