کراچی: پولیس مقابلوں میں 2 مبینہ ڈاکو زخمی، 3 گرفتار
گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول، 3 موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔
کراچی: پولیس مقابلوں میں 2 مبینہ ڈاکو زخمی، 3 گرفتار
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلوں کے دوران 2 زخمی ملزمان سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق سچل پولیس کا صفورا چانڈیو چوک کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت 40 سالہ ہارون کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول، 3 موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔
دوسری جانب کلفٹن کے بلاک 8 میں بھی پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی ہوگیا جبکہ پولیس نے اس کے ساتھی سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی، جسے علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دوسرے گرفتار ملزم کی شناخت احسان عرف صابر علی کے طور پر ہوئی، جسے مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پستول، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔