پنجاب اور بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی
شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 جبکہ کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب اور بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی
لاہور میں رات گئے ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ہے۔
لاہور کے متعدد علاقوں میں رات کے وقت بارش ہوئی۔ گڑھی شاہو، دھرم پورہ، مغلپورہ، ہربنس پورہ، لال پل، فتح گڑھ، مسلم ٹاؤن، اچھرہ، جین مندر، چوبرجی، ملتان روڈ، ماڈل ٹاؤن، گرین ٹاؤن، کوٹ لکھپت اور نشتر کے علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد شہر کے موسم میں خنکی محسوس کی گئی جبکہ شہریوں کو گرمی اور حبس سے بھی کچھ ریلیف ملا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 جبکہ کم سے کم 22 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا کی رفتار تقریباً 10 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 92 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں بھی آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بعض مقامات پر تیز بارش کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارش کے باعث بعض ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
موسم کی پیشگوئی کے مطابق 18 ستمبر تک بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران ندی نالوں، انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں سے گزرتے ہوئے خصوصی احتیاط کریں۔