حکومت اصلاحات اور نجکاری کا عمل آگے بڑھا رہی ہے،محمد اورنگزیب

حکومت نجی شعبے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں نجی شعبہ زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکے۔

September 17, 2026 · بام دنیا
حکومت اصلاحات اور نجکاری کا عمل آگے بڑھا رہی ہے،محمد اورنگزیب

حکومت اصلاحات اور نجکاری کا عمل آگے بڑھا رہی ہے،محمد اورنگزیب(فوٹو سوشل میڈیا ایکس)

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مستحکم بنانے اور پائیدار ترقی کے لیے مالی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر توجہ دے رہی ہے، جبکہ سرکاری اداروں میں اصلاحات کے ساتھ نجکاری کا عمل بھی آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیر اہتمام پاکستان انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا گیا، جس میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں، عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ شخصیات نے شرکت کی۔ محمد اورنگزیب نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ معاشی سرگرمیوں میں نجی شعبہ زیادہ مؤثر کردار ادا کرسکے۔

ان کے مطابق مالی پالیسی کے اقدامات کے نتیجے میں بجٹ خسارے میں کمی اور حکومتی آمدن میں بہتری آئی ہے، جبکہ مالی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تبدیلیاں، مالی معاملات میں شفافیت اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے کے اقدامات معاشی استحکام کے لیے اہم ہیں۔

محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات کے تحت ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات محدود کیے گئے ہیں اور ٹیکس معاملات میں خصوصی رعایت کی پالیسی اختیار نہیں کی جارہی۔ ان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب اور مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پاکستان سمیت عالمی معیشت کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ خطے کی صورتحال نے عالمی تیل کی قیمتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مختلف شعبوں میں مواقع موجود ہیں اور عالمی سرمایہ کاروں کی ملک میں دلچسپی دوبارہ بڑھ رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے جائزے مقررہ وقت پر مکمل کیے ہیں اور ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بھی متعدد مرتبہ بہتری ہوئی ہے۔

تقریب کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں وزیر خزانہ نے مالیاتی اداروں کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیے۔ اس موقع پر پاکستان کی معاشی صورتحال، سرمایہ کاری کے ماحول، عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔