فیجی میں ایچ آئی وی کیسز میں خطرناک اضافہ

ملک میں ہر 60 بالغ افراد میں سے تقریباً ایک کے ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ پانچ سال قبل یہ شرح ہر 167 افراد میں ایک تھی۔

September 17, 2026 · بام دنیا
فیجی میں ایچ آئی وی کیسز میں خطرناک اضافہ

فیجی میں ایچ آئی وی کیسز میں خطرناک اضافہ

فیجی میں ایچ آئی وی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث حکومت نے صورتحال کو قومی بحران قرار دے دیا ہے، جس کے بعد وبا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق ملک میں ہر 60 بالغ افراد میں سے تقریباً ایک کے ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ پانچ سال قبل یہ شرح ہر 167 افراد میں ایک تھی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے دوران فیجی میں ایچ آئی وی کے 2,016 نئے کیسز سامنے آئے، جو 2024 کے 1,583 کیسز کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ ملک میں ایک سال کے دوران رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی بلند ترین تعداد ہے

اقوام متحدہ کے ایڈز پروگرام کے مطابق 2025 میں فیجی میں اندازاً 9,100 افراد ایچ آئی وی کے ساتھ زندگی گزار رہے تھے، تاہم ان میں سے صرف 39 فیصد افراد کو اپنی بیماری کا علم تھا جبکہ تقریباً 22 فیصد افراد علاج حاصل کر رہے تھے۔

حکام کے مطابق نئے کیسز میں ایچ آئی وی کی منتقلی کی اہم وجوہات میں غیر محفوظ جنسی تعلقات اور نشہ آور ادویات کے انجیکشن کے دوران آلودہ سرنجوں کا استعمال شامل ہے۔ معلوم منتقلی کے ذرائع میں نصف سے زیادہ کیسز جنسی منتقلی سے جبکہ 42 فیصد سے زائد انجیکشن کے ذریعے منشیات استعمال کرنے سے منسلک پائے گئے

فیجی کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے صرف وبائی ردعمل کافی نہیں، بلکہ حکومت، صحت کے اداروں، مقامی برادریوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو مشترکہ طور پر اقدامات کرنا ہوں گے۔

حکومت نے ایچ آئی وی کی تشخیص، علاج اور بچاؤ کی سہولیات بڑھانے کے ساتھ ساتھ بچاؤ کی ادویات تک رسائی بہتر بنانے اور منشیات استعمال کرنے والے افراد کے لیے سرنجوں کی فراہمی کے پروگرام متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا ہے