وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے دورے پر روانہ
برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
فائل فوٹو
وزیراعظم شہباز شریف برطانیہ کے دو روزہ دورے پر روانہ ہوگئے، جہاں ان کی اہم ملاقاتوں اور مختلف مصروفیات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم 17 ستمبر سے برطانیہ میں قیام کریں گے اور اس دوران برطانوی حکام سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ دورے میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر بات چیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
برطانیہ کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف امریکا روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر مختلف ممالک کے سربراہان اور عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات بھی متوقع ہے۔ رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہونے کا امکان ہے۔
وزیراعظم کا دورہ برطانیہ اور امریکا ایسے وقت میں ہورہا ہے جب پاکستان مختلف عالمی اور علاقائی معاملات پر اہم سفارتی رابطوں میں مصروف ہے۔