سرجانی ٹاؤن میں ماں اور 3 بچوں کے قتل کا معمہ حل
روں افراد کو قتل کرنے والا قریبی رشتہ دار نکلا، جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سرجانی ٹاؤن میں ماں اور 3 بچوں کے قتل کا معمہ حل (فوٹو سوشل میڈیا ) ایکس
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین بچوں کے قتل کا معمہ پولیس نے تین روز بعد حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد کو قتل کرنے والا قریبی رشتہ دار نکلا، جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سرجانی ٹاؤن میں ماں اور تین معصوم بچوں کے قتل میں مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی ہمایوں ملوث نکلا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مبینہ آلۂ قتل بھی برآمد کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم ہمایوں تقریباً ڈیڑھ سال قبل اسی گھر میں کرایہ دار کی حیثیت سے رہائش پذیر رہا تھا۔ وقوعے کے روز وہ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے مقتولین کے گھر پہنچا، جبکہ اسے معلوم تھا کہ خاتون کا شوہر اس وقت گھر میں موجود نہیں ہوگا۔
ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزم مقتولہ پر بری نظر رکھتا تھا اور قتل سے پہلے اس نے مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش بھی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے خاتون کے ساتھ اس کی 18 ماہ کی بچی اور دو دیگر بچوں کو بھی قتل کیا اور واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
عرفان بلوچ کے مطابق پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا تو ابتدائی شواہد سے ہی معاملہ ڈکیتی کے بجائے کسی اور نوعیت کا معلوم ہوا۔ ایک پڑوسی خاتون نے بھی پولیس کو بتایا کہ ہمایوں اپنے سالے دانش کے گھر آنے کے بعد مقتولہ مہوش کے گھر میں موجود تھا۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ واقعے کے حوالے سے موبائل فونز کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔ مقتولہ کا جو موبائل فون گھر سے غائب ہوا تھا، پولیس اس کے بارے میں بھی معلومات جمع کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پیر کی رات سرجانی ٹاؤن سیکٹر سات ڈی میں ایک گھر سے خاتون اور اس کے تین بچوں کی لاشیں ملی تھیں۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد کے سروں پر تیز دھار آلے اور کسی بھاری چیز سے وار کیے گئے تھے، جبکہ مقتولہ مہوش کا موبائل فون تاحال لاپتا تھا۔