سعودی عرب میں دھوپ میں کام کی پابندی ختم

یہ پابندی رواں سال 15 جون سے 15 ستمبر تک نافذ رہی، جس کے تحت دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک براہ راست دھوپ میں کام کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

September 17, 2026 · بام دنیا
سعودی عرب میں دھوپ میں کام کی پابندی ختم

سعودی عرب میں دھوپ میں کام کی پابندی ختم

ریاض: سعودی عرب میں شدید گرمی اور براہ راست دھوپ سے کارکنوں کو محفوظ رکھنے کے لیے نجی شعبے میں عائد دوپہر کے اوقات میں کھلے آسمان تلے کام کرنے کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔

سعودی وزارت افرادی قوت کے مطابق یہ پابندی رواں سال 15 جون سے 15 ستمبر تک نافذ رہی، جس کے تحت دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک براہ راست دھوپ میں کام کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

وزارت افرادی قوت نے نیشنل کونسل برائے پیشہ ورانہ تحفظ و صحت کے تعاون سے پابندی پر عمل درآمد کی نگرانی کی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد شدید گرمی اور براہ راست سورج کی روشنی کے باعث کارکنوں کو لاحق خطرات میں کمی لانا اور کام کی جگہ پر حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنانا تھا۔

وزارت کے مطابق پابندی کے دوران سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 29 ہزار 954 معائنے کیے گئے۔ اداروں کی جانب سے حکومتی ہدایات پر عمل درآمد کی شرح 95 فیصد رہی۔

نگرانی کے دوران ضوابط کی ایک ہزار 771 خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جبکہ موصول ہونے والی 41 شکایات پر بھی کارروائی کی گئی۔

سعودی وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ کارکنوں کی صحت و سلامتی کے تحفظ اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پیشہ ورانہ تحفظ اور صحت سے متعلق اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔