وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری طیارے کی رقم ادا کردی
سرکاری خزانے میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کرائے گئے ہیں۔ یہ رقم سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق اخراجات کی مد میں ادا کی گئی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری طیارے کی رقم ادا کردی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لندن کے نجی دورے کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال کے اخراجات پنجاب حکومت کو ادا کردیے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق مریم نواز کی جانب سے سرکاری خزانے میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کرائے گئے ہیں۔ یہ رقم سرکاری طیارے کے استعمال سے متعلق اخراجات کی مد میں ادا کی گئی ہے
مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں رقم جمع کرائے جانے کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکاری طیارے کے استعمال کے تمام اخراجات ادا کردیے ہیں۔
حنا پرویز بٹ کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی جانب سے جمع کرایا گیا چیک آئندہ روز نقد ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ مریم نواز کے لندن کے نجی دورے کے دوران صوبائی حکومت کے طیارے کے استعمال کا معاملہ گزشتہ دنوں سیاسی اور عوامی بحث کا موضوع بنا تھا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے ہی مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ دورے کے طیارے سے متعلق اخراجات وزیراعلیٰ ذاتی طور پر ادا کریں گی
دوسری جانب اس معاملے پر پنجاب اسمبلی میں بھی سوالات اٹھائے گئے تھے اور سرکاری طیارے کے استعمال اور اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کے لیے تحریک التوا جمع کرائی گئی تھی