غزہ پر اسرائیلی بمباری، 9 فلسطینی شہید،40 افراد زخمی
اسرائیلی حملے غزہ کے شمالی، وسطی اور جنوبی حصوں میں مختلف مقامات پر کیے گئے۔بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا
فائل فوٹو
غزہ: غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی ڈرون حملوں اور بمباری کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی شہید جبکہ تقریباً 40 افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے غزہ کے شمالی، وسطی اور جنوبی حصوں میں مختلف مقامات پر کیے گئے۔ غزہ سٹی کے متعدد علاقوں میں افراد، گاڑیوں اور لوگوں کے گروہوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق خان یونس کے المواسی علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو بھی حملوں کا نشانہ بنایا گیا، جہاں متعدد افراد شہید جبکہ 20 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
وسطی غزہ میں الزوایدہ کے قریب کیے گئے ایک حملے میں ایک فلسطینی شہید اور 8 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
اس سے ایک روز قبل بھی غزہ سٹی کے الشاطی کیمپ میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ حملے کے نتیجے میں 12 فلسطینی شہید، تقریباً 40 زخمی جبکہ متعدد افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
غزہ میں جاری حملوں کے باعث جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں متاثرہ افراد کو امداد کی فراہمی بھی مشکلات کا شکار ہے۔