کراچی واٹر پارک میں اسکول پکنک کے دوران طالبہ ڈوب کر جاں بحق

جاں بحق طالبہ محمود آباد چنیسر گوٹھ کے گرین فلیگ پبلک اسکول میں زیرتعلیم تھی

September 17, 2026 · قومی

فائل فوٹو

گڈاپ ٹاؤن میں واقع سن رائز واٹر پارک و فارم ہاؤس میں اسکول پکنک پر آئی ہوئی چوتھی جماعت کی طالبہ مبینہ طور پر سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

گڈاپ سٹی تھانے کے علاقے گڈاپ ٹاؤن ستانی روڈ پر واقع واٹر پارک میں پیش آنے والے واقعے کے بعد کمسن بچی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، جہاں متوفیہ کی شناخت 11 سالہ ہنیزہ دختر فیاض شاہ کے نام سے ہوئی۔

ایس ایچ او گڈاپ سٹی ممتاز مروت کے مطابق ہنیزہ محمود آباد چنیسر گوٹھ میں واقع گرین فلیگ پبلک اسکول میں چوتھی جماعت کی طالبہ تھی۔

پولیس کے مطابق متوفیہ بچی دیگر بچوں اور اسکول اسٹاف کے ہمراہ اسکول پکنک پر واٹر پارک آئی ہوئی تھی، جہاں وہ سوئمنگ پول میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔

پولیس واقعے کے حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔