ن لیگ پی ٹی آئی سے بڑا جلسہ کرکے دکھائے،سیاست چھوڑ دوں گا:سہیل آفریدی

فیصلہ سرکاری اعداد و شمار کے بجائے عوامی موجودگی اور ردعمل سےہونا چاہیے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

September 17, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سیاسی چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی شہر میں پی ٹی آئی کے مقابلے میں بڑا جلسہ کرکے دکھایا جائے تو وہ سیاست چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ جلسے کے لیے پنجاب کے کسی بھی شہر کا انتخاب مسلم لیگ (ن) خود کرے جبکہ پی ٹی آئی کے لیے بھی اپنی مرضی کا کوئی شہر منتخب کرلے۔ دن، تاریخ اور وقت بھی مسلم لیگ (ن) خود طے کرے، شرط صرف یہ ہے کہ دونوں جماعتوں کو مکمل اور یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کا جلسہ عوامی شرکت کے اعتبار سے پی ٹی آئی کے جلسے سے بڑا ثابت ہوا تو وہ سیاست چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کا جلسہ بڑا ہوا تو مسلم لیگ (ن) کو پنجاب کے عوام کے سامنے اپنے عوامی مینڈیٹ سے متعلق اٹھنے والے سوالات، سیاسی کارکنوں پر ظلم و جبر، طرز حکمرانی اور کارکردگی پر جواب دینا ہوگا، عوام سے معذرت کرنا ہوگی اور اپنی سیاسی حکمت عملی و قیادت پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ یہ چیلنج ایک بار پھر پوری وضاحت کے ساتھ پیش کر رہے ہیں، اگر مسلم لیگ (ن) کو اپنی کارکردگی اور پنجاب کے عوام کی حمایت پر یقین ہے تو اسے چیلنج قبول کرنے میں ہچکچاہٹ نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیے سب سے بڑا سیاسی امتحان مریم نواز کی حکومت کی کارکردگی ہے، اگر انہیں حکومت کی کارکردگی اور عوامی مقبولیت پر اعتماد ہے تو میدان میں آکر عوام کی طاقت کا فیصلہ ہونے دیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ فیصلہ دعووں، سرکاری اعداد و شمار یا میڈیا بیانات سے نہیں بلکہ عوام کی موجودگی اور عوامی ردعمل سے ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق چیلنج سامنے ہے اور فیصلہ پنجاب کے عوام کریں گے، جیسے انہوں نے 8 فروری کو تحریک انصاف کو دو تہائی اکثریت دی تھی۔