کراچی میں مختلف پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 6 زخمی حالت میں گرفتار
زخمی گرفتار ملزمان کی شناخت نسیم اللہ اور شیر حسین کے نام سے ہوئی، دونوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 6 زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق صدر میں پارسی اسکول کے قریب ایس آئی یو کی پولیس پارٹی اور ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت 30 سالہ عبید الرحمان کے نام سے ہوئی، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
شارع نورجہاں پولیس کا نارتھ ناظم آباد بلاک آر، کٹی پہاڑی کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جہاں فائرنگ کے تبادلے کے بعد عبدالرحمان نامی ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ اسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
خواجہ اجمیر نگری پولیس کے مطابق نارتھ کراچی میں رحمانیہ موڑ کے قریب بھی مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں ہاشم نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عزیز بھٹی پولیس اور ملزمان کے درمیان گلشن اقبال بلاک 13-C میں غفور اپارٹمنٹ کے قریب مبینہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ہلاک ملزم کی لاش اور زخمی گرفتار ملزم شعیب کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ملزمان کی گولی لگنے سے کانسٹیبل محمد عیسیٰ بھی پاؤں پر زخمی ہوا، جسے طبی امداد فراہم کی گئی۔
دوسری جانب قائدآباد پولیس کا لانڈھی ریڑھی روڈ پر احسان گراؤنڈ کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، جس میں 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی گرفتار ملزمان کی شناخت نسیم اللہ اور شیر حسین کے نام سے ہوئی، دونوں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔