طاقت اور دباؤ کے ذریعے مطالبات منوانے کا دور ختم ہوچکا، باقر قالیباف

عالمی سطح پر کثیرالجہتی نظام کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

September 18, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ طاقت اور دباؤ کے ذریعے اپنے مطالبات منوانے پر مبنی یک طرفہ عالمی نظام اب برقرار نہیں رہا۔

ایک بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ عالمی سطح پر کثیرالجہتی نظام کے تحفظ اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین اور روس نے سلامتی کونسل کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے قانون کی حکمرانی کے اصول کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ عالمی معاملات میں یک طرفہ اقدامات کسی بھی ملک کے مفاد میں نہیں۔ موجودہ صورتحال میں کثیرالجہتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔

ایرانی اسپیکر کے مطابق بین الاقوامی تنازعات اور مسائل کے حل کے لیے طاقت اور دباؤ کے بجائے قانون، باہمی احترام اور مشترکہ تعاون کو بنیاد بنایا جانا چاہیے۔