لندن میں الطاف حسین کے گھر پر حملہ،دروازہ توڑ دیاگیا

مسلح نقاب پوش افراد سامنے والے گیٹ سے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے

September 18, 2026 · قومی
لندن میں الطاف حسین کے گھر پر حملے کی کوشش

لندن میں الطاف حسین کے گھر پر حملے کی کوشش

لندن: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی الطاف حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی لندن کے علاقے مل ہل میں ان کی رہائش گاہ پر دو نقاب پوش افراد نے حملہ کرنے کی کوشش کی۔

الطاف حسین کے مطابق واقعہ 17 ستمبر کو پیش آیا، جب وہ گھر کے گراؤنڈ فلور پر واقع بیڈ روم میں موجود تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ دو مسلح نقاب پوش افراد سامنے والے گیٹ سے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور وہ اس وقت ان افراد سے چند فٹ کے فاصلے پر تھے۔

واقعے کے بعد الطاف حسین نے گھر کے باہر موجود میڈیا اور اپنے حامیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹوٹے ہوئے شیشے والے دروازے کی جانب اشارہ کیا اور حملے کی تفصیلات بیان کیں۔

 

انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے گھر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم واقعے کی مزید تفصیلات اور حملہ آوروں کی شناخت فوری طور پر سامنے نہیں آسکی۔

الطاف حسین کئی دہائیوں سے لندن میں مقیم ہیں۔ واقعے سے متعلق پولیس کی جانب سے باضابطہ تفصیلات یا حملہ آوروں کی گرفتاری کی تصدیق سامنے آنے تک معاملے کے مزید حقائق واضح نہیں ہوسکے۔