یورپی یونین کا یوکرین کو 3.3 ارب یورو فراہم کرنے کا اعلان

یہ رقم میزائل اور ڈرونز کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی

September 18, 2026 · بام دنیا
یورپی یونین کا یوکرین کو 3.3 ارب یورو فراہم کرنے کا اعلان

یورپی یونین کا یوکرین کو 3.3 ارب یورو فراہم کرنے کا اعلان

برسلز: یورپی یونین نے یوکرین کے دفاعی شعبے کے لیے مزید 3.3 ارب یورو فراہم کرنے کا اعلان کردیا ہے، یہ رقم میزائل اور ڈرونز کی خریداری کے لیے استعمال کی جائے گی۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ٹیلی فون پر گفتگو کے بعد بتایا کہ یوکرین کو یہ رقم فراہم کی جائے گی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں یوکرین کے دفاع کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی ضروریات کے لیے مالی معاونت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارسلا وان ڈیر لیین کے مطابق 3.3 ارب یورو کی رقم یوکرین کو میزائل اور ڈرونز کی خریداری کے لیے فراہم کی جائے گی۔ یہ رقم یورپی یونین کے یوکرین سپورٹ لون کے تحت رواں سال دفاعی ضروریات کے لیے مختص 28.3 ارب یورو کا حصہ ہے۔

دوسری جانب وولودیمیر زیلنسکی نے بھی یورپی کمیشن کی صدر سے ہونے والی گفتگو کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت میں یوکرین کے دفاعی استحکام کے لیے اہم اقدامات اور مالی معاملات پر غور کیا گیا۔

یورپی یونین کی جانب سے حالیہ مالی معاونت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یوکرین اپنی دفاعی ضروریات، خصوصاً فضائی دفاع، میزائل اور ڈرونز کے لیے مزید بین الاقوامی مدد کا مطالبہ کر رہا ہے۔