مریم نواز نے نشتر ہسپتال میں جدید کینسر سینٹر کا افتتاح کردیا

پی ای ٹی، سی ٹی سائیکلوٹرون سینٹر میں سائیکلوٹرون مشین کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔

September 18, 2026 · قومی
مریم نواز نے نشتر ہسپتال میں جدید کینسر سینٹر کا افتتاح کردیا

مریم نواز نے نشتر ہسپتال میں جدید کینسر سینٹر کا افتتاح کردیا

ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال ملتان میں جدید کینسر سینٹر، پی ای ٹی، سی ٹی سائیکلوٹرون اور کینسر کے علاج کے لیے جدید کوابلیشن سینٹر کا افتتاح کردیا۔

وزیراعلیٰ نے کوابلیشن سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں نصب جدید مشین کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پی ای ٹی، سی ٹی سائیکلوٹرون سینٹر میں سائیکلوٹرون مشین کے طریقہ کار کا بھی جائزہ لیا۔

مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال میں قائم 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جہاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور اور سیکرٹری صحت عظمت محمود نے انہیں منصوبے اور طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے کینسر سینٹر میں او پی ڈی، آئی سی یو اور دیگر وارڈز کا معائنہ کیا جبکہ ریڈیو فارماسیوٹیکل پروڈکشن لیب اور فارمیسی ہاٹ لیب کا بھی جائزہ لیا۔

انہوں نے کیموتھراپی اور ریڈیوتھراپی رومز سمیت جدید چائنز کرائیو ایبلیشن مشین کا معائنہ بھی کیا۔ حکام کے مطابق اس ٹیکنالوجی میں مخصوص سوئی کے ذریعے کینسر کی رسولی کو منجمد کرکے ختم کرنے کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔

مریم نواز شریف نے کوابلیشن مشین کے ذریعے علاج حاصل کرنے والی پہلی مریضہ مسرت ارشد سے ملاقات بھی کی۔ کمالیہ سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ مسرت ارشد نے علاج کی کامیابی پر جذبات کا اظہار کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے انہیں دلاسہ دیا اور صحت یابی پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعلیٰ نے میاں چنوں سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ مریضہ نسرین کی بھی عیادت کی اور اس کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ چین سے کینسر کے جدید علاج کے لیے کوابلیشن مشین لائی گئی ہے، اب مریضوں کو علاج کے حوالے سے فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔

وزیراعلیٰ نے ڈیجیٹل اور سی ٹی سیمولیٹر روم کے علاوہ فوکسڈ ریڈیو تھراپی لینئر ایکسیلیٹر روم کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے ملاقات کرکے انہیں مریضوں کی بہتر خدمت اور علاج معالجے کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

ملتان کے کینسر سینٹر میں بچوں کے لیے الگ کینسر وارڈ بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں بچوں کو علاج کی خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

مریم نواز شریف نے نشتر ہسپتال میں موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی، ان کی بات سنی اور عوام کی جانب سے اظہار محبت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔