رجب بٹ کے بیٹے کی سالگرہ، سابق اہلیہ نے اختلافات بھلا کر شرکت کی درخواست کردی

بچے کو نفرت یا تنازع کے بجائے محبت، توجہ اور خوشیوں کی ضرورت ہے۔

September 18, 2026 · قومی
رجب بٹ کے بیٹے کی سالگرہ، سابق اہلیہ نے اختلافات بھلا کر شرکت کی درخواست کردی

رجب بٹ کے بیٹے کی سالگرہ، سابق اہلیہ نے اختلافات بھلا کر شرکت کی درخواست کردی

معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ کے بیٹے کیوان کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ان کی سابق اہلیہ ایمان اسد نے سابق شوہر سے بیٹے کی خوشی میں شریک ہونے کی اپیل کردی۔

ایمان اسد نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے رجب بٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج کیوان کی پہلی سالگرہ ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ اس موقع پر اس کے والد بھی بیٹے کے ساتھ موجود ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی رجب بٹ کو کیوان سے ملنے سے نہیں روکا اور آئندہ بھی نہیں روکیں گی، کیونکہ بچے کا اپنے والد سے تعلق اس کا بنیادی حق ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ کیوان ماں اور باپ دونوں کی محبت اور توجہ کے ساتھ پروان چڑھے۔

ایمان اسد نے سوال اٹھایا کہ کیا رجب بٹ نے کبھی کیوان کی خیریت دریافت کرنے، اس کی ضروریات جاننے یا اس کے ساتھ وقت گزارنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق ایک سال کی دوری اور خاموشی محض ایک سالگرہ منانے سے ختم نہیں ہوسکتی، کیونکہ والد ہونے کی ذمہ داری صرف ایک دن تک محدود نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ کیوان کی پہلی سالگرہ کا موقع عدالتوں اور باہمی تنازعات کے بجائے بچے کی خوشیوں کے لیے ہونا چاہیے۔ ایمان اسد کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ بیٹے کی اس خاص دن سے جڑی یادیں کسی تلخی یا قانونی تنازع سے وابستہ ہوں۔

ایمان اسد کے مطابق رجب بٹ کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہے ہیں اور عید کے موقع پر بھی انہوں نے انہیں کیوان سے ملاقات سے نہیں روکا تھا، حالانکہ اس سے کچھ روز قبل انہیں رجب بٹ کی جانب سے طلاق کا نوٹس موصول ہوا تھا۔

انہوں نے رجب بٹ سے اپیل کی کہ وہ اختلافات اور دیگر معاملات کو ایک طرف رکھ کر صرف اپنے بیٹے کے بارے میں سوچیں اور اس کی پہلی سالگرہ میں شریک ہوں۔ ایمان اسد نے کہا کہ رجب چاہیں تو اپنی والدہ، بہن اور دیگر اہل خانہ کو بھی ساتھ لاسکتے ہیں تاکہ کیوان کی سالگرہ ایک خوشگوار اور یادگار موقع بن سکے۔

اپنے پیغام میں ایمان اسد نے عوام سے بھی اپیل کی کہ ان کی ذاتی زندگی اور کیوان کی خوشیوں کو سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع نہ بنایا جائے۔ ان کے مطابق بچے کو نفرت یا تنازع کے بجائے محبت، توجہ اور خوشیوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دونوں خاندانوں سے بھی درخواست کی کہ سوشل میڈیا پر بحث کے بجائے عملی طور پر کیوان کی خوشیوں میں شریک ہوں اور اس کی پہلی سالگرہ محبت اور خوشی کے ساتھ منائیں۔