بولیویا کے جنگلات میں ننھی جنگلی بلی کی نئی نسل دریافت

مقامی آبادی اس ننھی جنگلی بلی کو ’’ٹِلکایو‘‘ کے نام سے جانتی ہے۔ اس کی جسمانی لمبائی تقریباً 46 سینٹی میٹر جبکہ وزن صرف 1.4 کلوگرام ہے۔

September 18, 2026 · بام دنیا
بولیویا کے جنگلات میں ننھی جنگلی بلی کی نئی نسل دریافت

بولیویا کے جنگلات میں ننھی جنگلی بلی کی نئی نسل دریافت

بولیویا کے جنگلات میں ایک نئی جنگلی بلی کی نسل دریافت ہوئی ہے، جسے سائنسی طور پر Leopardus tilcayo کا نام دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایک صدی سے زائد عرصے بعد کسی زندہ بلی کی نئی نسل کو باقاعدہ سائنسی نام دے کر متعارف کرایا گیا ہے۔

مقامی آبادی اس ننھی جنگلی بلی کو ’’ٹِلکایو‘‘ کے نام سے جانتی ہے۔ اس کی جسمانی لمبائی تقریباً 46 سینٹی میٹر جبکہ وزن صرف 1.4 کلوگرام ہے۔

ٹِلکایو کی کھال ہلکے بھورے رنگ کی ہے اور جسم پر بے قاعدہ دھبے اور گول نشان پائے جاتے ہیں۔ ابتدا میں اسے ٹائیگر کیٹ کی دیگر اقسام ہی کا حصہ سمجھا جاتا تھا، تاہم جینیاتی تحقیق نے ثابت کیا کہ یہ ایک الگ نوع ہے۔

ماہرین جینیات نے جنوبی امریکا سے حاصل کیے گئے 38 جنگلی بلیوں کے نمونوں کا ڈی این اے تجزیہ کیا۔ تحقیق کے نتیجے میں معلوم ہوا کہ جن بلیوں کو پہلے ایک ہی گروہ سمجھا جاتا تھا، ان میں جینیاتی طور پر مختلف اقسام موجود ہیں۔

تحقیق کے مطابق ٹِلکایو کا ارتقائی سلسلہ دوسری ٹائیگر کیٹس سے تقریباً 14 لاکھ سال پہلے الگ ہوگیا تھا، جس کے باعث اسے الگ نوع قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس دریافت میں جینیاتی تحقیق نے اہم کردار ادا کیا، کیونکہ صرف ظاہری شکل کی بنیاد پر اس بلی کو الگ نسل قرار دینا ممکن نہیں تھا۔ ڈی این اے شواہد نے اس کی منفرد شناخت کی تصدیق کی۔

سائنسدانوں کے مطابق نئی نسل کی شناخت تحفظِ جنگلی حیات کے حوالے سے بھی اہم ہے۔ بولیویا کے یونگاس جنگلات کو جنگلات کی کٹائی، زرعی سرگرمیوں، آتش زدگی اور کان کنی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث اس ننھی جنگلی بلی کے قدرتی مسکن کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔