ایم ڈی کیٹ، امتحانی پرچوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات

امتحانی پرچوں کو اسٹیل کے سربمہر ٹرنکوں میں محفوظ کیا گیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں یہ ٹرنک مقررہ امتحانی شہروں کی جانب روانہ کیے گئے

September 18, 2026 · قومی
ایم ڈی کیٹ، امتحانی پرچوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات

ایم ڈی کیٹ، امتحانی پرچوں کی حفاظت کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاہور: میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحانی پرچے سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت لاہور سے مختلف شہروں کو روانہ کردیئے گئے۔

امتحانی پرچوں کو اسٹیل کے سربمہر ٹرنکوں میں محفوظ کیا گیا ہے۔ پولیس اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں یہ ٹرنک مقررہ امتحانی شہروں کی جانب روانہ کیے گئے، جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے سینئر فیکلٹی ارکان اور دیگر عملہ بھی پرچوں کے ساتھ موجود ہے۔

حکام کے مطابق امتحانی پرچے آج متعلقہ اضلاع کے خزانہ دفاتر میں محفوظ کیے جائیں گے، جہاں انہیں امتحان کے انعقاد تک سخت سکیورٹی میں رکھا جائے گا۔

ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان 20 ستمبر کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہوگا۔ امتحانی عملے کی روانگی کے موقع پر وائس چانسلر میجر جنرل (ریٹائرڈ) سہیل صابر، پروفیسر نادیہ نسیم اور کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد عباس بھی موجود تھے۔

یو ایچ ایس کے سینئر فیکلٹی ارکان اور افسران کو مختلف مراکز تک امتحانی پرچے پہنچانے اور امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

امتحان کے انتظامات اور نگرانی کے لیے میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور پرو وائس چانسلرز کو علاقائی انچارج مقرر کیا گیا ہے، جبکہ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے پرنسپلز کو سینٹر انچارج کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے افسران بھی ایم ڈی کیٹ کے انتظامات اور امتحانی عمل کی نگرانی کریں گے۔ امتحان کے دوران رابطے اور صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے یو ایچ ایس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جہاں امتحان سے قبل اور دوران لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

امتحانی مراکز سے مسلسل رابطے کے لیے ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے، جبکہ ہفتے کے روز متعلقہ مراکز پر نگران عملے کی تربیت بھی ہوگی۔

ایم ڈی کیٹ کا امتحان صوبے کے 15 شہروں میں قائم 31 مراکز پر لیا جائے گا، جس میں پنجاب سے 49 ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔

امتحان کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے ہر ضلع میں 12 مختلف محکموں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ امتحانی مراکز کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنائے گی۔