پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کی مشکلات بڑھا رہا ہے،فیصل کریم کنڈی

وفاقی حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرولیم لیوی میں کمی پر غور کرنا چاہیے۔

September 18, 2026 · قومی
پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کی مشکلات بڑھا رہا ہے،فیصل کریم کنڈی

پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام کی مشکلات بڑھا رہا ہے،فیصل کریم کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، وفاقی حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کیلئے پیٹرولیم لیوی میں کمی پر غور کرنا چاہیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مہنگائی کے باعث شہری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک جانب حکومت کفایت شعاری کی بات کرتی ہے جبکہ دوسری جانب بعض حکومتی شخصیات کے طرز عمل پر سوالات اٹھتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ ملک کی توانائی کی ضروریات میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور تیل و گیس سمیت قدرتی وسائل فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے اور صوبے کے عوام کو امن و امان، بے روزگاری اور دیگر مسائل کا سامنا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کے مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے بارے میں سیاسی بیان بازی سے قومی سطح پر اتحاد اور اتفاق متاثر ہوسکتا ہے۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر پارلیمنٹ اور متعلقہ صوبے نئے صوبوں کے قیام پر متفق ہوں تو اس معاملے پر پیش رفت ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق جمہوری نظام میں اہم فیصلے پارلیمنٹ کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔

جماعت اسلامی کے احتجاج کے حوالے سے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری اور سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم ان کے مطابق مسائل کا مستقل حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی سے متعلق انہوں نے کہا کہ پارٹی رہنماؤں کی رہائی کا معاملہ عدالتوں کے ذریعے ہی طے ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد نہیں پہنچ سکے گی۔