شارع فیصل پرگاڑی کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق ، کم عمر ڈرائیور فرار
گاڑی سے کم عمر نوجوان سڑک پر پڑے زخمی ذیشان کے پاس جاتا ہے ،اسے چیک کرتا ہے اور پھر فرار ہو گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: شارع فیصل میٹروپول کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 19 سالہ نوجوان ذیشان کے جاں بحق ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
جمعرات کی شب آرٹلری میدان تھانے کے علاقے میں پیش آنے والے حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نوجوان کو ٹکر مارنے والی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ سے ایک کم عمر لڑکے کو اترتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق گاڑی سے اترنے والا نوجوان سڑک پر پڑے زخمی ذیشان کے پاس جاتا ہے اور اسے چیک کرتا ہے، اسی دوران ایک اور شہری بھی زخمی نوجوان کے پاس پہنچ جاتا ہے۔
سیاہ رنگ کی گاڑی نے جب موٹر سائیکل سوار نوجوان کو ٹکر ماری تو اس وقت گاڑی میں ایک خاتون بھی سوار تھی۔ حادثے کے فوری بعد خاتون ڈرائیونگ سیٹ پر آگئی اور دعویٰ کیا کہ گاڑی وہ چلا رہی تھی اور ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی موجود ہے۔
تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح ہے کہ گاڑی خاتون نہیں بلکہ ایک کم عمر لڑکا چلا رہا تھا، جو حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔
حادثے کے بعد پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے کر خاتون کو بھی حراست میں لیا اور اسے ویمن تھانے منتقل کر دیا تھا۔ بعدازاں ٹریفک حادثے میں نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ آرٹلری میدان تھانے میں درج کر لیا گیا۔
مقدمے میں کم عمر کار ڈرائیور کو بھی نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ملزم ڈرائیور کی ساتھی خاتون کو پولیس کو گمراہ کرنے کے الزام میں نامزد کیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گاڑی کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور ملزم ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔