وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام، پہلے ماہ کیلئے 25 ارب روپے جاری

پیٹرول پمپس کی شکایات اور مسائل کے فوری حل کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جس سے 9772 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

September 18, 2026 · قومی
وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام، پہلے ماہ کیلئے 25 ارب روپے جاری

وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام، پہلے ماہ کیلئے 25 ارب روپے جاری

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پیٹرول پمپس اور ڈیلرز کی نمائندہ تنظیموں کے اجلاس میں فیول ریلیف پروگرام پر عملدرآمد کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے حکام نے ادائیگی اور رقم کی واپسی کے نظام پر بریفنگ دی اور بتایا کہ پروگرام کے تحت جمع کرائے جانے والے دعووں پر 48 گھنٹوں کے اندر کارروائی مکمل کی جائے گی۔

حکام کے مطابق وزیراعظم کے فیول ریلیف پروگرام کے لیے تین ماہ کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے پہلے ماہ کے لیے 25 ارب روپے اسٹیٹ بینک کو فراہم کیے جاچکے ہیں تاکہ شریک ڈیلرز کو بروقت رقم واپس کی جاسکے۔

اجلاس میں وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے پروگرام کے لیے تیار کیے گئے ڈیجیٹل نظام کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ پیٹرول پمپس کی شکایات اور مسائل کے فوری حل کے لیے خصوصی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جس سے 9772 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

اجلاس میں اہل صارفین کی شناخت اور شریک پیٹرول پمپس کے ذریعے انہیں ریلیف فراہم کرنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈیلرز نے پروگرام کے عملی نفاذ سے متعلق سوالات اور تحفظات پیش کیے، جن پر حکام نے وضاحتیں فراہم کیں۔

پیٹرول پمپ اور ڈیلرز کی نمائندہ تنظیموں نے پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے اس پر مؤثر عملدرآمد کے لیے حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

علی پرویز ملک نے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل رابطے کو پروگرام کی شفاف اور بروقت تکمیل کے لیے ضروری قرار دیا۔