آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیزل مارجن میں1.22روپے اضافے کا مطالبہ کردیا

او ایم سیز کے 66 ارب روپے کے زیرِ التوا کلیمز کی ادائیگی کا بھی مطالبہ

September 18, 2026 · قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پیٹرول اور ڈیزل پر اپنے مارجن میں ایک روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافے کا مطالبہ کردیا۔

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل نے چیئرمین اوگرا کو خط لکھ کر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے زیرِ التوا 66 ارب روپے کے پرائس کلیمز اور مارجن پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

خط کے مطابق مارچ 2026 سے او ایم سیز کے کلیمز زیرِ التوا ہیں، جن کی تصدیق کا عمل جلد مکمل کرکے واجبات ادا کیے جائیں۔

آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں ستمبر 2023 میں اضافہ کیا گیا تھا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ حال ہی میں پیٹرولیم ڈیلرز کے لیے ایک روپے 34 پیسے فی لیٹر اضافے پر عمل درآمد کردیا گیا، مگر او ایم سیز کے مارجن میں کیا گیا ایک روپے 22 پیسے فی لیٹر اضافہ نوٹیفائی نہیں کیا گیا۔