یمن: سرکاری فوج اور حوثی باغیوں میں جھڑپیں، 60 سے زائد افراد ہلاک

زمین پر لڑائی کے علاوہ حوثی سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے بھی کر رہے ہیں۔

September 18, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

صنعا:یمن میں سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی جھڑپوں میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب نے جمعرات کو جنگ بندی کے دوبارہ خاتمے کے بعد پہلی بار ڈرون حملے میں ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ کئی سال نسبتاً پرسکون رہنے کے بعد، مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے اثرات کے باعث جولائی سے یمن میں تنازع دوبارہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے حوثیوں کے ایک اچانک حملے کے بعد لڑائی مزید بڑھ گئی ہے جس کے نتیجے میں وہ بحر ہند اور بحیرہ احمر کو ملانے والی اہم آبنائے باب المندب تک اپنے زیرِ کنٹرول علاقوں کو پھیلانے میں کامیاب ہو گئے۔

زمین پر لڑائی کے علاوہ حوثی سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے بھی کر رہے ہیں۔

ان حملوں میں خاص طور پر تیل اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے،جبکہ سعودی تیل لے جانے والے تجارتی جہاز بھی نشانے پر ہیں۔

حوثیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے ان کے علاقوں پر سعودی عرب کی جانب سے عائد ناکہ بندی کے جواب میں کیے جا رہے ہیں۔