کراچی میں سگریٹ سپلائر سے لوٹ مار،مددگار15 پولیس نے موٹر سائیکل برآمد کرلی

مسلح ملزمان نے موبائل فون، کمپنی ڈیوائس، سگریٹ اور موٹر سائیکل چھین لی

September 18, 2026 · قومی, ویڈیوز

فائل فوٹو

کراچی: ناظم آباد کے علاقے میں موٹر سائیکلوں پر سوار 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے سگریٹ کمپنی کے سپلائر سے اسلحے کے زور پر 2 موبائل فون، کمپنی کی ڈیوائس، 2 لاکھ روپے مالیت کی سگریٹ اور اس کی موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے۔

مددگار 15 ناظم آباد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرکے سپلائر کے حوالے کردی۔

شہری نے فوری طور پر واردات کی اطلاع مددگار 15 پولیس کو دی، جس پر مددگار 15 ناظم آباد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور متاثرہ شہری سے معلومات حاصل کیں۔

شہری نے پولیس کو بتایا کہ اس کی چھینی گئی موٹر سائیکل کی ٹریکر لوکیشن معلوم ہو رہی ہے، جس پر مددگار 15 ناظم آباد پولیس شہری کی بتائی گئی لوکیشن ناظم آباد گول مارکیٹ پہنچی اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرلی۔

پولیس کے مطابق موقع سے کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

متاثرہ شہری نے بروقت کارروائی پر مددگار 15 پولیس کا شکریہ بھی ادا کیا۔