پی ٹی آئی لانگ مارچ،اسلام آباد ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ

لانگ مارچ کےپیش نظر ریڈ زون اور توسیع شدہ علاقے میں سیکیورٹی سخت،راستے بند ہوں گے

September 18, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے پیش نظر ریڈ زون اور توسیع شدہ ریڈ زون کو سیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ریڈ زون جانے والے تمام 5 راستوں کو مکمل طور پر بند کردیا جائے گا، جبکہ پانچوں راستوں پر کنٹینرز کی 2، 2 تہیں لگا کر بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا کہ ایکسٹینڈڈ ریڈ زون کو بھی سیل کردیا جائے گا اور اسے صرف ہنگامی حالات میں کھولا جائے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں وفاقی پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی تمام نوعیت کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

آئی جی اسلام آباد نے چھٹیوں پر پابندی کا سرکلر جاری کردیا، جس کے مطابق اسلام آباد پولیس میں اتفاقی، استحقاقی اور بیرونِ ملک جانے کی چھٹی پر پابندی ہوگی۔

اسلام آباد پولیس کی چھٹیوں پر پابندی 5 اکتوبر 2026 تک برقرار رہے گی، جبکہ ہنگامی چھٹی کے علاوہ تمام چھٹیوں پر فوری طور پر پابندی عائد رہے گی۔

چھٹی پر موجود افسران اور اہلکاروں کو فوری طور پر ڈیوٹی پر آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔