پی ٹی آئی کے 27 ستمبر مارچ کا پلان سامنے آگیا

صوبے کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 12 مقامات پر کارکنوں کو منظم کرنے کی تیاری کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد کی جانب مرحلہ وار پیش قدمی کی حکمت عملی بنائی گئی ہے۔

September 19, 2026 · قومی
پی ٹی آئی کے 27 ستمبر مارچ کا پلان سامنے آگیا

پی ٹی آئی کے 27 ستمبر مارچ کا پلان سامنے آگیا

پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ہونے والے مارچ کے لیے خیبر پختونخوا میں مختلف مقامات پر کارکنوں کے کیمپ اور دھرنوں سے متعلق منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 12 مقامات پر کارکنوں کو منظم کرنے کی تیاری کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد کی جانب مرحلہ وار پیش قدمی کی حکمت عملی بنائی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور، خیبر، نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک کے کارکن اٹک پل کے اطراف میں موجود ہوں گے، جبکہ ملاکنڈ، صوابی، مردان اور چارسدہ میں موٹروے کے مقامات پر کیمپ قائم کیے جائیں گے۔ جنوبی اضلاع کے لیے خوشحال گڑھ کا مقام بھی تجویز کیا گیا ہے۔

ہری پور میں حطار، خانپور، جھاری کس اور مکھنیال جبکہ ہزارہ موٹروے پر بھی کیمپ لگانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ایبٹ آباد میں باریان اور کوہالہ، جبکہ صوابی میں ٹوپی اور ایم ون موٹروے کے مقامات شامل ہیں۔

نوشہرہ میں خیرآباد کنڈ کے مقام پر اٹک پل، لکی مروت میں کنڈل اور کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کو بھی کیمپوں کے لیے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پارٹی کی جانب سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو کیمپوں میں شرکت اور انتظامات میں کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی تنظیموں کو شرکا کے لیے کھانے، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے مارچ کا فیصلہ برقرار ہے، جبکہ کیمپ قائم کرنے کا مقصد کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنا بتایا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پشاور سے مارچ کی قیادت کریں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کو اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ عدالت نے صوبائی حکومتوں کو احتجاج کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہ ہونے دینے کی بھی ہدایت کی ہے